ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رائے پور ماب لنچنگ: پولیس نے مزید2 افراد کو گرفتار کیا

رائے پور ماب لنچنگ: پولیس نے مزید2 افراد کو گرفتار کیا

Wed, 26 Jun 2024 17:14:26    S.O. News Service

رائے پور ، 26/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) چھتیس گڑھ پولیس نے رائے پور میں 3 مسلم افراد کی ماب لینچنگ کے معاملے میں مزید 2 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ خیال رہے کہ اس معاملے میں اب تک ۴؍ افراد کی حراست عمل میں آچکی ہے۔ پولیس نے منگل کو جن 2افراد کو حراست میں لیا ہے، ان میں نوین سنگھ ٹھاکر اور مینک شرما شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ نوین سنگھ ٹھاکر ڈرائیور ہیں جبکہ مینک شرما گوڈز ٹرانسپورٹر ہیں۔ دیگر ۲؍ ملزمین کی شناخت ہرش مشرا اور راجا اگروال کے طور پر کی گئی ہے جنہیں 22 اور 23 جون کو حراست میں لیا گیا تھا۔ تمام ملزمان کا تعلق ہندوتوا گروپ سے ہے۔ پولیس کے مطابق راجا اگروال بی جے پی کے یووا مورچا کے پی آر ہیڈہیں۔خیال رہے کہ اس واردات کے2 ہفتے بعد ان افراد کی حراست عمل میں آئی ہے۔ 

7جون کو صدام قریشی(23)، گڈو خان (25) اور چند میا خان (25) کو ایک ہندوتوا ہجوم  نے اس وقت نشانہ بنایا تھا جب وہ چھتیس گڑھ کے مہاسمنڈ سے رائے پور سے مویشیوں کی نقل و حمل کر رہے تھے۔ آرانگ میں دریائے مہانندی کے بریج پر گائے کی حفاظت کرنے والے ایک گروپ نے ان پر حملہ کیا تھا۔ 

پولیس کو تینوں مہلوکین کی لاشیں بریج پر ملی تھیں۔ ۲؍ افراد کی موت جائے واردات پر ہو گئی تھی جبکہ صدام حسین ۱۸؍ جون کو اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر انتقال کر گئے تھے۔ دریں اثناء ملزمین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ304 کے تحت قتل کے بجائے صرف مجرمانہ قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


Share: